
سکھرحیدرآباد موٹروے کرپشن کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، سابق ڈی سی مٹیاری عدنان رشید اور اسلم پیرزادہ کے خلاف کرپشن کے ثبوت مل گئے۔
نیب حکام کے مطابق کرپشن کے الزام میں گرفتار دونوں ملزمان کے موبائل کے ایس ایم ایس، وائس ریکارڈ میسج اور کال ڈیٹا کی فارنزک رپورٹ آگئی ہے۔
نیب حکام کا کہنا تھا کہ گرفتارملزمان کے موبائل سے کرپشن کی رقم تقسیم کرنے کے ثبوت ملے ہیں۔
سکھر حیدرآباد موٹروے کرپشن کیس میں گرفتار دونوں ملزمان سابق ڈی سی عدنان رشید اور اسلم پیرزادہ نواب شاہ اورمٹیاری کی سیاسی شخصیات سے رابطے میں تھے۔
خیال رہے کہ ایم 6 موٹر وے منصوبے کیلئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے زمینوں کی خریداری کیلئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری اور نوشہرو فیروز کو 7 ارب 71 کروڑ 16 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے لیکن زمینوں کی خریداری کے معاملے میں مبینہ طور پر قواعد ضوابط کا خیال نہیں رکھا گیا۔
3 ارب 61 کروڑ روپے سے زائد وصول کرنے والا ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز تاشفین عالم غیر ملکی پرواز سے آذربائیجان فرار ہوگیا۔
دوسری جانب 4 ارب روپے سے زائد وصول کرنے والے ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی نگرانی میں مبینہ طورپر سوا 2 ارب روپے کیش نکالے گئے لیکن مبینہ طور پر زمین نہیں خریدی گئی۔
سندھ حکومت نے مبینہ کرپشن کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنائی تھی اور اینٹی کرپشن سندھ نے مقدمات بھی درج کیے تھے۔