0

سومو ریسلرز کے وزن کے باعث فضائی کمپنی اضافی پرواز کا انتظام کرنے پر مجبور

جاپانی فضائی کمپنی کو اس وقت اضافی پرواز کا انتظام کرنا پڑا جب زیادہ وزن کے باعث 2 طیاروں کا اڑنا مشکل ہوگیا تھا۔

طیاروں میں اضافی سامان کی بجائے جاپان کے چند بھاری ترین افراد کی موجودگی اس کی وجہ تھی۔

جی ہاں جاپان ائیر لائنز کو اس وقت مشکلات کا سامنا ہوا جب متعدد سومو ریسلرز سفر کرنے کے لیے پہنچے۔

یہ واقعہ گزشتہ ہفتے ٹوکیو سے اوساکا جانے والی پروازوں کے دوران پیش آیا، جہاں سومو ریسلر ایک فیسٹیول میں مقابلوں میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

فضائی کمپنی کو اس وقت ان ریسلرز کے لیے خصوصی پرواز کا انتظام کرنا پڑا جب یہ خدشات پیدا ہوئے کہ زیادہ وزن ہونے کے باعث دونوں طیارے مناسب مقدار میں ایندھن نہیں لے جاسکیں گے۔

ایندھن میں کمی کا خدشہ اس وقت پیدا ہوا جب فضائی عملے کو علم ہوا کہ ان کے مسافروں میں سومو ریسلرز بھی موجود ہیں، جن کا اوسط وزن 120 کلوگرام ہوتا ہے۔

مجموعی طور پر 27 ریسلر 2 پروازوں کے ذریعے ٹوکیو سے اوساکا کے ایک جزیرے Amami Oshima جا رہے تھے، جہاں بڑے طیاروں کو اترنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔

اسی وجہ سے جاپان ائیرلائنز کو ان ریسلرز کے لیے اضافی پرواز کا انتظام کرنا پڑا۔

فضائی کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایسا کبھی نہیں ہوتا کہ ہمیں وزن کی حد کے باعث خصوصی پروازوں کا انتظام کرنا پڑے۔

ان ریسلرز کی واپسی کے لیے بھی فضائی کمپنی کی جانب سے خصوصی پرواز چلائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں