
آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے ساتویں میچ میں بنگلادیش کے خلاف انگلش بیٹسمینوں کی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری ہے انگلینڈ نے2 وکٹ کے نقصان پر266 رنز بنالیے ہیں۔
بھارت کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ میلان اور جونی بیرسٹو نے ٹیم کو اچھا آغاز کیا اور بنگلادیش ٹیم کی بولنگ کے آگے رنز کی چٹان بنے رہے لیکن اوپننگ پارٹنر شپ ٹیم کو 115 رنز دینے کے بعد ٹوٹ گئی
جونی بیرسٹو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کربنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار ہوگئے جس کے بعد ڈیوڈ میلان اور اور جو روٹ نے اچھی پارٹنر شپ قائم کی۔
اوپنر ڈیوڈ میلان نے 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور پھر مہیدی حسن کا شکار ہوگئے۔
واضح رہے کہ آج کے میچ کیلئے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے انگلش ٹیم میں معین علی کو بٹھا کر ریس ٹوپلے جبکہ بنگلایش کی ٹیم میں محمد اللہ کو آرام دیتے ہوئے مہدی حسن کوٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کے دوران محتاط رہنا پڑے گا : انگلش کپتان
گزشتہ روز انگلش کپتان جوز بٹلر نے دھرم شالا اسٹیڈیم میں خراب آؤٹ فیلڈ پر خدشے کااظہار کرتے ہوئے کہا تھا کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کے دوران محتاط رہنا پڑے گا ، اگر یہ میری نظر میں خراب آؤٹ فیلڈ ہے تو پھر تھوڑا احتیاط کرنے کی ضرورت ہے ، جب آپ ملک کے لیے کھیل رہے ہو تے ہیں تو پھر احتیاط نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ دھرم شالا میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں افغانستان اور بنگلا دیش کے کھلاڑیوں کو مشکلات پیش آئی تھیں، آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے کھلاڑی سنجیدہ انجری سے بال بال بچے تھے۔